منگلورو، 22؍ جون (ایس او نیوز) ضلع انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی کینرا میں لاک ڈاون کے اوقات میں صبح 6 بجے سے 2 چھوٹ دی جائے گی۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کے ساتھ ملاقات کرکے ضلع کے حالات سے آگاہ کیا اور لاک ڈاون میں کمی کرنے کے تعلق سے بات چیت کی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ لاک ڈاون میں نرمی کے لئے ایم پی نلین کمار کٹیل اور ضلع کے اراکین اسمبلی نے بھی سفارش کی تھی۔ کوٹا سرینواس پجاری نے بتایا کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کہ کورونا پر قابو پانے کے لئے کووڈ گائڈ لائنس پر پوری طرح عمل کریں اور ویکسینیشن کروالیں۔
دوسری طرف جنوبی کینرا میں دیگر اضلاع سے داخل ہونے والی موٹر گاڑیوں کی سختی کے ساتھ جانچ کی جارہی ہے۔ بیلتنگڈی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران بنگلورو سے بس کے ذریعے دھرمستھلا کی سیر کے لئے آنے والے 20 سے زائد افراد کو روک لیا گیا اور جانچ پڑتال کے بعد ان کی بس کو داخلہ دینے سے انکار کرتے ہوئے بنگلورو واپس بھیج دیا گیا۔ کوکاڈ اور چارمڈی کے راستے ضلع میں داخل ہونے والے بیرونی اضلاع کے لوگوں کی سختی کے ساتھ جانچ کی جارہی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ افسران کے درمیان تال میل کی کمی سے ایسی الجھن پیدا ہوئی کہ بسوں کے لئے سفر کی اجازت سرکاری طور پر ملنے کے بعد بھی بہت سارے بسوں کو چیک پوسٹ سے واپس لوٹنے پر مجبور کیا گیا۔